یوم سیاہ کشمیر 27 اکتوبر، خالد مقبول صدیقی کا بیان


بھارت کا کشمیر پر 1947 سے جاری غاصبانہ قبضہ خطے کے امن کے لیے سب سے بڑا خطرہ ہے، ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی

27 اکتوبر کا دن تاریخ کا سیاہ ترین باب، اقوامِ متحدہ مقبوضہ وادی میں انسانی حقوق کی پامالیوں کا فوری نوٹس لے، وفاقی وزیر تعلیم

جنوبی ایشیا میں پائیدار امن کا انحصار مسئلہ کشمیر کے منصفانہ حل پر ہے، عالمی برادری اپنا کردار ادا کرے،ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی

مظلوم کشمیریوں کی سیاسی، سفارتی اور اخلاقی حمایت ان کی آزادی تک جاری رکھی جائے گی، چیئرمین ایم کیو ایم پاکستان کا پیغام

کراچی۔۔۔ 26 اکتوبر 2026ء

متحدہ قومی موومنٹ پاکستان کے چیئرمین اور وفاقی وزیر تعلیم ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی نے اپنے خصوصی پیغام میں 27 اکتوبر 1947 کے دن کو برصغیر کی تاریخ کا ایک سیاہ ترین باب قرار دیتے ہوئے مقبوضہ جموں و کشمیر پر بھارتی افواج کے غاصبانہ تسلط اور معصوم شہریوں پر روا رکھے جانے والے مظالم کی شدید ترین الفاظ میں مذمت کی ہے۔ اپنے بیان میں ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی نے کہا کہ 1947 میں آج ہی کے دن بھارتی غاصب فورسز نے سری نگر میں داخل ہو کر نہ صرف بین الاقوامی قوانین اور انسانی حقوق کی صریح خلاف ورزی کی تھی بلکہ کشمیری عوام کے بنیادی حقِ خودارادیت کو بھی پامال کیا تھا۔ انہوں نے کہا کہ بھارت کا گزشتہ سات دہائیوں سے جاری غیر قانونی قبضہ اور وادی کی خصوصیت کو ختم کرنا عالمی قوانین کے منافی ہے، جس کے باعث آج پورا مقبوضہ کشمیر ایک کھلی جیل کا منظر پیش کر رہا ہے۔ وفاقی وزیر ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی نے اقوامِ متحدہ اور عالمی برادری سے پرزور مطالبہ کیا کہ وہ مقبوضہ کشمیر میں بھارتی ظلم و بربریت اور انسانی حقوق کی سنگین پامالیوں کا فوری نوٹس لیں اور وادی میں بھارتی سفاکیت کو بند کرانے کے لیے اپنا مؤثر کردار ادا کریں۔ انہوں نے واضح کیا کہ جنوبی ایشیا میں پائیدار اور دائمی امن کا قیام صرف اور صرف مسئلہ کشمیر کے اقوامِ متحدہ کی قرار دادوں اور کشمیری عوام کی امنگوں کے مطابق منصفانہ حل پر منحصر ہے۔ چیئرمین ایم کیو ایم نے کشمیری عوام کی بے مثال استقامت اور حریت پسندوں کی عظیم قربانیوں کو زبردست خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے اس عزم کا اعادہ کیا کہ پاکستان اور ایم کیو ایم کے تمام کارکنان اپنے کشمیری بہن بھائیوں کی حقِ آزادی کی جدوجہد میں ان کے شانہ بشانہ کھڑے ہیں اور ان کی سیاسی، سفارتی و اخلاقی حمایت بلا کم و کاست جاری رکھی جائے گی۔