سید امین الحق سے اے پی ایم ایس او وفد کی ملاقات
متحدہ قومی موومنٹ ایم کیٹ میں شریک طلبہ کے حقوق اور انصاف کے لئے تمام قانونی راستے اختیار کرے گی، سید امین الحق
سابق وفاقی وزیر و رکن رابطہ کمیٹی سید امین الحق سے اے پی ایم ایس او وفد کی ملاقات، وفد نے میڈیکل کالج کے داخلوں کے امتحانات میں طلبہ کے ساتھ ہونے والی بے ضابطگیوں سے آگاہ کیا
کراچی، 20 ستمبر 2023
متحدہ قومی موومنٹ کے مرکزی آفس پاکستان ہاوس میں آل پاکستان متحدہ اسٹوڈنٹس آرگنائزیشن کی مرکزی کمیٹی کے ہمراہ انیس حسین اکیڈمی کے معلم قاضی طلحہ نے ملاقات کی، وفد نے رابطہ کمیٹی کو آگاہ کیا کہ گزشتہ دنوں ہونے والے ایم کیٹ کے امتحانات میں امتحانی پرچہ لیک ہوا اور شدید بد انتظامی ہوئی جس پر شہر کے طلبہ کو شدید تحفظات ہیں، امتحانی پرچے میں درجنوں سوالات ایسے تھے جن کے دو ممکنہ جوابات آپشنز میں شامل تھے، انکا کہنا تھا کہ کراچی اور اندرون سندھ میں پیپر لیک ہوئے ہیں، طلبہ کا مطالبہ ہے کہ امتحانی سوالات کے کتابچے کو جاری کیا جائے تاکہ شفافیت واضح ہو سکے، سید امین الحق نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ حکومت سندھ نے اس معاملہ کی انکوائری کے لئے کمیٹی تشکیل دی ہے جو خوش آئند ہے، اور ہم جلد اس معاملے پر متعلقہ حکام کو خط لکھنے جارہے ہیں جس میں ایم کیو ایم طلبہ کے حقوق کے لئے مطالبات شامل کرے گی، اور انصاف کے لئے تمام قانونی راستوں کو اختیار کیا جائے گا، انہوں نے حکام سے مطالبہ کیا کہ انکوائری میں شفافیت کو برقرار رکھیں اور اس معاملے کو فوری حل کریں، اس موقع پر اراکین رابطہ کمیٹی آسیہ اسحاق، سید ریحان ہاشمی اور شبیر قائمخانی موجود تھے جبکہ اے پی ایم ایس او کے انچارج ثاقب اعجاز و مرکزی کمیٹی کے ارکان بھی موجود تھے۔
