سید امین الحق کا سرفراز بگٹی کے بیان پر ردعمل
سابقہ مشرقی پاکستان سے ہجرت کرکے آنے والے بہاری نہیں بلکہ پاکستانی ہیں،انہیں غیر قانونی تارکین وطن کہنے کی مذمت،سید امین الحق
نگراں وزیر داخلہ اپنے الفاظ واپس لیں اور سابقہ مشرقی پاکستان سے آنے والے مہاجرین سے معافی مانگیں،سید امین الحق
سید امین الحق کا نگراں وفاقی وزیر داخلہ سرفراز بگٹی کے بہاریوں کے حوالے سے سینیٹ کی قائمہ کمیٹی میں دئیے گئے بیان پر ردعمل
کراچی۔۔۔27 اکتوبر 2023ء
متحدہ قومی موومنٹ پاکستان کی رابطہ کمیٹی کے رکن و سابق وفاقی وزیر سید امین الحق نے نگراں وفاقی وزیر داخلہ سرفراز بگٹی کے بہاریوں کے حوالے سے سینیٹ کی قائمہ کمیٹی میں دئیے جانے والے بیان پر اپنے شدید ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ سابقہ مشرقی پاکستان سے ہجرت کرکے آنے والے بہاری نہیں بلکہ پاکستانی ہیں،بہاری بھی اتنے ہی پاکستانی ہین جتنے سی پی ، یو پی اور پنجاب سے ہجرت کرنے والے پاکستانی ہیں، ایم کیو ایم پاکستان انہیں غیر قانونی تارکین وطن کہنے کی شدید الفاظ میں مذمت کرتی ہے اور نگراں وزیر داخلہ پر یہ واضح کر دینا چاہتی ہے کہ آج ہم جو آزاد فضا میں سانس لے رہے ہیں یہ انہی کی قربانیوں کا ثمر ہے جنہیں آپ بہاری کہہ رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ تمام تر نامساعد حالات کے باوجود بنگلہ دیش میں ریڈ کراس کے کیمپوں میں پاکستان کا پرچم تھامے اپنے آپ کو پاکستانی کہلوانے پر فخر محسوس کرتے ہیں،انکی حب الوطنی پر انگلی اٹھانے والے اپنی حب الوطنی ثابت کریں۔سید امین الحق نے نگراں وزیر داخلہ سے مطالبہ کیا کہ وہ اپنے الفاظ واپس لیں اور سابقہ مشرقی پاکستان سے آنے والے مہاجرین سے معافی مانگیں۔
***
