شہری سندھ کی نمائندگی پتنگ کے پاس ہے، وسیم اختر
شہری سندھ کی نمائندگی کا حق صرف پتنگ کے پاس ہے، وسیم اختر
ایم کیو ایم جدی پشتی موروثی سیاستدانوں کا گروہ نہیں بلکہ متوسط طبقے کی بیدار مغز نمائندہ تحریک ہے، وسیم اختر
این ایف سی ایوارڈ کی ناہموار اور متعصبانہ تقسیم نے ملک کو شدید نقصان پہنچایا، سابق میئر کراچی
بلاول تاریخ سے نابلد ہیں، سندھ کسی کی نجی اوطاق نہیں اردو اور سندھی بولنے والے سپوتوں کا مشترکہ مسکن ہے، وسیم اختر
ایم کیو ایم پاکستان کے سینئر مرکزی رہنماء وسیم اختر کا نارتھ کراچی ٹاؤن کے زیرِ اہتمام انتظامی یونٹس کے حوالے سے عوامی رابطہ مہم میں شرکت و خطاب، اراکینِ مرکزی کمیٹی ارکانِ اسمبلی و حق پرست عوام کی بڑی تعداد میں شرکت
کراچی۔۔۔25اکتوبر2026ء
متحدہ قومی موومنٹ پاکستان کے سینئر رہنماء اور سابق میئر کراچی وسیم اختر نے کہا ہے کہ ایم کیو ایم کی دہائیوں پر محیط سچی جدوجہد کے نتیجے میں اب اختیارات کی نچلی سطح تک منتقلی کا وقت قریب آ پہنچا ہے، شہری سندھ کے عوام کا مقدمہ لڑنے کی صلاحیت صرف اور صرف ایم کیو ایم کے پاس ہے اور آئندہ وقت ثابت کرے گا کہ پتنگ ہی اس خطے کی حقیقی اور واحد نمائندہ علامت ہے، ان خیالات کا اظہار انہوں نے حق پرست اراکینِ سندھ اسمبلی عبد الوسیم اور جمال احمد کے ہمراہ نارتھ کراچی ٹاؤن میں عوامی رابطہ مہم کے تحت منعقدہ بڑے اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کیا، وسیم اختر نے کہا کہ 22 اگست 2016ء کے بعد پارٹی کے ذمہ داران نے سخت ترین حالات میں قیادت سنبھالی، ایک طرف طاقتور حلقوں کی جانب سے جماعت کو کمزور اور تقسیم کرنے کی منظم کوششیں کی جا رہی تھیں تو دوسری طرف قوم اور پارٹی کا شیرازہ بکھرنے سے بچانا ہماری سب سے بڑی ذمہ داری تھی، تمام تر سازشوں کے باوجود ایم کیو ایم نے خود کو منوایا کیونکہ یہ روایتی جدی پشتی یا موروثی سیاستدانوں کا گروہ نہیں بلکہ متوسط طبقے کی بیدار مغز نمائندہ تحریک ہے، وسیم اختر نے کہا ایم کیو ایم کے سات قیمتی ووٹوں کی بدولت عمران خان وزیراعظم کے منصب پر فائز ہوئے تھے ہمیں توقع تھی کہ پی ٹی آئی کراچی اور حیدرآباد کے دیرینہ اور بنیادی مسائل حل کرے گی لیکن عمران خان اور ان کی پارٹی نے شہری سندھ کے عوام کو سخت مایوس کیا، یہ حقیقت اب روزِ روشن کی طرح عیاں ہے کہ جو بھی ایوانوں تک پہنچا اسے ایم کیو ایم اور پتنگ کے نشان کی سیاسی قوت کا سہارا لینا پڑا ورنہ اسمبلیوں کا راستہ ان کے لئے محض ایک خواب رہتا، وسیم اختر نے صوبائی حکومت کی نااہلی اور بلاول بھٹو کے بیانات کا محاسبہ کرتے ہوئے کہا بلاول اکثر یہ کہہ کر سیاست کرتے ہیں کہ وہ 1988ء میں پیدا ہوئے جس شخص کو 88ء سے پہلے کی تاریخ اور شہری سندھ کے ساتھ ہونے والی ناانصافیوں کا علم ہی نہ ہو اس سے سنجیدہ گفتگو بے سود ہے، ان کے نانا اور والدہ کے ادوار میں اس شہر کے ساتھ جو زیادتیاں کی گئیں تاریخ انہیں کبھی معاف نہیں کرے گی، سندھ نہ تو پیپلز پارٹی کی اوطاق ہے اور نہ ہی وڈیروں کی نجی جاگیر، یہ دھرتی اردو اور سندھی بولنے والے تمام سچے سپوتوں کی ہے، سندھ کا عام ہاری اور مزدور طبقہ بھی پیپلز پارٹی کے مظالم اور کرپشن سے تنگ آ چکا ہے، پیپلز پارٹی پورے ملک میں نئے صوبوں کی وکالت کرتی ہے لیکن جب سندھ کی بات آئے تو اس کا دہرا معیار اور منافقت سامنے آ جاتی ہے، انہوں نے کہا کہ اب اسلام آباد کے ایوان بھی یہ تسلیم کرنے پر مجبور ہیں کہ این ایف سی ایوارڈ کی تقسیم غیر منصفانہ اور ظالمانہ رہی ہے، وسائل کی غیر مساوی تقسیم نے ظلم و استبداد کے نظام کو جنم دیا جس کا نتیجہ یہ ہے کہ آج پورا انتظامی ڈھانچہ اور نظام ناکام ہو چکا ہے، تاہم ہماری طویل جدوجہد کا نتیجہ ہے کہ اب بلدیاتی نظام اور بااختیار مقامی حکومتوں کی راہ ہموار ہو رہی ہے اور عدلیہ سے بھی ہمارے ساتھیوں کو انصاف مل رہا ہے، وسیم اختر نے کھلے دل سے خود احتسابی کا مظاہرہ کرتے ہوئے کہا ایم کیو ایم سے ماضی میں جو غلطیاں ہوئیں ہم نے ان سے سبق سیکھا ہے اور اب مزید کسی غلطی کی گنجائش نہیں ہے ہماری حیثیت اور پہچان صرف اس جماعت کی بدولت ہے اگر ہم متحد ہو گئے تو کوئی کرپٹ ٹولہ ہمارے حقوق پر ڈاکہ نہیں ڈال سکے گا، آنے والا دور صرف اور صرف پتنگ اور ایم کیو ایم پاکستان کا ہے، اس موقع پر نارتھ کراچی ٹاؤن کے جوائنٹ انچارج عامر حسین و اراکین کمیٹی سمیت یوسیز کے ذمّہ داران کارکنان علاقہ عمائدین کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔
*****



