رابطہ کمیٹی کا تشویش کا اظہار
پاکستان پیپلز پارٹی اور جماعت اسلامی کے بلدیاتی نمائندے مسلسل ملازمین کے ساتھ امتیازی سلوک روا رکھے ہوئے ہیں،اراکین رابطہ کمیٹی
ٹاؤنز کے ملازمین اس وقت ٹاؤن چیئر مینز کے رحم و کرم پر ہیں اور بلدیاتی اداروں کے حکام نے ویری فکیشن کے نام پرملازمین کی تنخواہیں روک رکھیں ہیں،اراکین رابطہ کمیٹی
گورنر سندھ،چیف جسٹس سندھ ہائی کورٹ بلدیاتی نمائندوں کو پابندکریں کہ وہ ملازمین کی تنخواہیں فوری جاری کریں اور انتظامی امور کو بہانا بنانا بند کریں،اراکین رابطہ کمیٹی
ایم کیو ایم پاکستان کے اراکین رابطہ کمیٹی کا بلدیاتی اداروں کے ملازمین کی گزشتہ 2ماہ سے تنخواہوں کی عدم ادائیگی پر تشویش کا اظہار
کراچی۔۔۔یکم نومبر2023ء
متحدہ قومی موومنٹ پاکستان کے اراکین رابطہ کمیٹی نے بلدیاتی اداروں کے ملازمین کی گزشتہ 2ماہ سے تنخواہوں کی عدم ادائیگی پر اپنی گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے اپنے ایک بیان میں کہا کہ ٹاؤنز کے ملازمین اس وقت ٹاؤن چیئر مینز کے رحم و کرم پر ہیں اور بلدیاتی اداروں کے حکام نے ویری فکیشن کے نام پرملازمین کی تنخواہیں روک رکھیں ہیں جس سے گھروں کے چولھے بجھ گئے ہیں اور ملازمین اپنے دفاتر آنے سے بھی قاصر ہیں جبکہ پاکستان پیپلز پارٹی اور جماعت اسلامی کے بلدیاتی نمائندے مسلسل ملازمین کے ساتھ امتیازی سلوک روا رکھے ہوئے ہیں۔رابطہ کمیٹی نے اپنے بیان میں مزید کہا کہ مہنگائی کے اس دور میں جہاں تنخواہ مل جائے تو گزارا مشکل ہے جبکہ یہاں پر تو گزشتہ 2ماہ سے تنخواہوں کی ادائیگی نہیں ہوئی جس سے ملازمین کے گھروں پر راشن کی قلت اور بچوں کے تعلیمی اخراجات تعطل کا شکار ہیں با الفاظ دیگر ملازمین کی زندگی مفلوج ہو کر رہ گئی ہے ایسے میں پیپلز پارٹی اور جماعت اسلامی اپنی ہٹ دھرمی ختم کرنے کو تیار نہیں اور وہ روائیتی طور پر تنخواہیں روک کر ملازمین کو نشانہ بنا رہے ہیں۔رابطہ کمیٹی نے گورنر سندھ،چیف جسٹس سندھ ہائی کورٹ سے مطالبہ کیا کہ بلدیاتی نمائندوں کو پابند کیا جائے کہ وہ ملازمین کی تنخواہیں فوری طور پر جاری کریں اور انتظامی امور کو بہانا بنانا بند کریں۔
٭٭٭٭٭
