نیاز حسین کی شہادت پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار


ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی کا اورنگی ٹاؤن کے کارکن نیاز حسین کی شہادت پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار

سیاسی کارکنان کی ٹارگٹ کلنگ شہر کا امن خراب کرنے کی سازش  ہے، ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی

سندھ کی نگراں حکومت کراچی میں سیاسی امن و امان قائم رکھنے کیلئے اس قتل کی واردات کی مکمل تحقیقات کرکے اس میں ملوث شرپسند عناصر کو قرار واقعی سزا دلوائے، ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی

کراچی۔۔۔۔۔23، اکتوبر 2023ء
متحدہ قومی موومنٹ پاکستان کے کنوینر ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی نے اورنگی ٹاؤن کے کارکن نیاز حسین کی شہادت پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے اسے شہر کا امن خراب کرنے کی سازش قرار دیا ہے۔ اپنے  ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ شہر کراچی میں سیاسی آزادی کے ساتھ تمام سیاسی و مذہبی جماعتیں اپنی سرگرمیاں کر رہی ہیں وہیں متحدہ قومی موومنٹ پاکستان کے کارکنان کی ٹارگٹ کلنگ شروع کردی گئی ہے جس پر کسی صورت خاموش نہیں بیٹھیں گے۔ سندھ کی نگراں حکومت کراچی میں سیاسی امن و امان قائم رکھنے کیلئے اس قتل کی واردات کی مکمل تحقیقات کرکے اس میں ملوث شرپسند عناصر کو قرار واقعی سزا دلوائے اور کسی کو بھی اس شہر کا امن تباہ کرنے کی اجازت نہ دے۔ ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی نے کہا کہ کراچی میں پہلے ہی روز ڈکیتی کی وارداتوں میں شہریوں کی ہلاکتوں کا سلسلہ جاری تھا کہ اب ایک سوچی سمجھی سازش کے تحت سیاسی کارکنوں کی ٹارگٹ کلنگ کا بھی آغاز ہوچکا ہے جبکہ یہ شہر اس کا بلکل بھی متحمل نہیں ہوسکتا۔ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی نے اپنے بیان میں شہید کارکن نیاز حسین کے لواحقین سے دلی تعزیت و ہمدردی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ دکھ کی اس گھڑی میں ایم کیو ایم پاکستان کا ایک ایک کارکن ان کے ساتھ کھڑا ہے۔