نسرین جلیل کی ایرانی قونصل جنرل سے ملاقات


مسئلہ فلسطین پر عالمی قوتوں کی خاموشی قابل تشویش ہے، نسرین جلیل

ہمارے لاکھوں بھائی اور بہنیں پانی، خوراک، ادویات اور تمام ضروریات زندگی تک رسائی سے محروم ہیں اس ظلم و ستم کے باوجود اسرائیلی حکومت کسی بین الاقوامی قانون کی پابند نہیں ہے،ایرانی قونصل جنرل ایچ ای حسن نوریان

سینئر ڈپٹی کنوینر نسرین جلیل کی کراچی میں ایرانی قونصل جنرل سے وفد کے ہمراہ ملاقات 

کراچی۔۔۔30 اکتوبر 2023ء
متحدہ قومی موومنٹ پاکستان کی سینئر ڈپٹی کنوینر نسرین جلیل، سابق ایم این اے و رکن رابطہ کمیٹی کشور زہرہ اور رکن رابطہ کمیٹی طحہ احمد خان نے کراچی میں ایرانی قونصل جنرل سے ملاقات کی۔اراکین رابطہ کمیٹی نے تنازعہ فلسطین کے بڑھنے پر اپنے تحفظات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اسرائیل کی جانب سے معصوم فلسطینیوں پر مسلسل کئے جانے والے مظالم کی جتنی بھی مذمت کی جائے کم ہے اور مسئلہ فلسطین پر عالمی قوتوں کی خاموشی قابل تشویش ہے۔ اراکین رابطہ کمیٹی نے پاکستان کی تمام سیاسی جماعتوں اور تمام پالیسی سازوں سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ فلسطین کے مظلوموں کی آواز کو دنیا کے ہر فورم پر بلند کرنے کے لیے اپنی صلاحیتوں کو بروئے کار لائیں اور جلد مسلمانان فلسطین کو اس ظلم سے نجات دلانے میں اپنا حصہ ڈالیں ۔ اس ملاقات میں ایرانی قونصل جنرل ایچ ای حسن نوریان نے پاکستانی قوم اور ایم کیو ایم کی جانب سے مسئلہ فلسطین اور غزہ میں ہونے والی ہولناک تباہی پر عوامی مظاہرے کرنے پر اراکین رابطہ کمیٹی کا شکریہ ادا کیا اور انقلاب اسلامی کے بانی مرحوم امام خمینی رحمۃ اللہ علیہ کا ایک قول نقل کیا کہ اسرائیل ایک کینسر کی رسولی ہے جس کا کنٹرول اور ہٹانا ناگزیر ہے اوراس بات کا اعادہ کیا کہ غزہ کی پٹی مکمل طور پر صیہونی حکومت کے محاصرے میں ہے اور ہمارے لاکھوں بھائی اور بہنیں پانی، خوراک، ادویات اور تمام ضروری ضروریات تک رسائی سے محروم ہیں اس ظلم و ستم کے باوجود اسرائیلی حکومت کسی بین الاقوامی قانون کی پابند نہیں ہے دنیا بھر میں مسلمانوں پر ہونے والے مظالم پر تمام عالمی قوتیں خاموش تماشائی بنی رہتی ہیں لیکن ہمیں اپنے مسلمان بھائیوں کیلئے مل کر اپنا کردار ادا کرنا ہے اور اسرائیل کی جانب فلسطینی عوام پر کئے جانے والی اس دہشت گردی کو روکنے میں اپنا کردار ادا کرنا ہے۔

***