میڈیا ہاؤسز اور اخبارات کے دفاتر کا دورہ


 فلسطینی عوام پر جو اسرائیلی جارحیت ہورہی ہے اس کو پاکستانی میڈیا جس طرح فلسطینی عوام کی آواز بن کر اسرائیل کے مظالم دنیا میں دیکھا رہا ہے وہ قابل ستائش عمل ہے،سید امین الحق


ایم کیو ایم رابطہ کمیٹی کے اراکین کا کراچی میں میڈیا ہاؤسز اور اخبارات کے دفاتر کا دورہ،جمعہ کے روز فلسطینی عوام سے اظہار یکجہتی ریلی کا دعوت نامہ پیش کیا

کراچی۔۔۔18 اکتوبر 2023ء
متحدہ قومی موومنٹ پاکستان کی رابطہ کمیٹی کے اراکین کے مختلف وفود نے کراچی میں میڈیا ہاؤسز اور اخبارات کے دفاتر کا دورہ کیا۔ایم کیوایم ایم پاکستان کے وفد میں رکن رابطہ کمیٹی و سابق وفاقی وزیر سید امین الحق اراکین رابطہ کمیٹی شکیل احمد،زاہد منصوری،آسیہ اسحاق،کرن مسعود اور انچارج شعبہ اطلاعات احسن غوری و اراکین شامل تھے۔ایم کیو ایم کے وفود نے جمعہ کو ہونے والے فلسطینی عوام سے اظہار یکجہتی ریلی کے حوالے سے گفتگو کی اور ریلی میں شرکت کا دعوت نامہ دیا۔اس موقع پر سید امین الحق نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ایم کیو ایم اپنے قیام کے اوائل سے ہی آزادی صحافت پر یقین رکھتی اور آج فلسطینی عوام پر جو اسرائیلی جارحیت ہورہی ہے اس موقع پر پاکستانی میڈیا جس طرح فلسطینی عوام کی آواز بن کر اسرائیل کے مظالم دنیا میں دیکھا رہا ہے وہ قابل ستائش عمل ہے۔سید امین الحق نے مزید گفتگو میں کہا کہ ایم کیو ایم کی جانب سے 20 اکتوبر بروز جمعہ کو فلسطینی عوام سے اظہار یکجہتی ریلی یہ ایم کیو ایم کی نہیں بلکہ ہر پاکستانی کی ہے جن کا دل فلسطینی عوام کیلئے دھڑکتا ہے اور اس اظہار یکجہتی ریلی کو دنیا میں ہمارا میڈیا ہی دیکھا کر یہ بتا سکتا ہے کہ پاکستان کے عوام فلسطینی بھائیوں کے ساتھ آخر دم تک کھڑے ہیں۔اس موقع پر میڈیا ہاؤسز اور اخبارات کے ذمہ داران نے ایم کیو ایم کے اس عمل کی تعریف کی اور ریلی میں مکمل شرکت کی یقین دہانی کرائی۔