مصطفی کمال کی نوجوانوں سے گفتگو
بنیادی جمہوریت کو آئینی استحکام دینا ملک کے تمام مظلوم اکائیوں کے حقوق محفوظ کرے گا، مصطفی کمال
کراچی کے نجی ہوٹل میں سینئر ڈپٹی کنوینر مصطفی کمال کی نوجوانوں سے گفتگو
کراچی۔۔۔19 ستمبر 2023ء
ایم کیو ایم پاکستان کے سینئر ڈپٹی کنوینر سید مصطفیٰ کمال نے کہا ہے کہ پاکستان موجودہ نظام کے تحت مزید نہیں چل سکتا، پاکستان کی دائمی سلامتی اور بقا کے لیے آئین میں تین ترامیم ناگزیر ہیں، پہلا وزیراعظم اور وزیراعلی کی طرح منتخب بلدیاتی نمائندوں کے اختیارات اور محکمہ جات آئین میں درج کیئے جائیں، دوسرا قومی مالیاتی کمیشن کو صوبائی مالیاتی کمیشن سے مشروط کیا جائے اور تیسرا قومی و صوبائی اسمبلیوں کے انتخابات کو مقامی حکومتوں کے انتخابات سے مشروط کیا جائے، انکا کہنا تھا کہ ملک میں اگر وقت پر بلدیاتی انتخابات ہوں تو ایک وقت میں ایک لاکھ 80 ہزار مقامی حکومت کے منتخب بلدیاتی نمائندے موجود ہوتے ہیں جس میں سے 80 بھی قومی سطح کی سیاست میں آئیں تو ہمیں موروثی سیاست سے چھٹکارا مل جائے گا اور نوجوان با اختیار ہونگے، ان خیالات کا اظہار انہوں نے روٹری یوتھ کنونشن 2023 کے تحت کراچی کے مقامی ہوٹل میں منعقدہ تقریب کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے کیا، انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان کا بنیادی مسئلہ اختیارات اور وسائل کا چند لوگوں کے ہاتھوں میں ارتکاز ہے، پاکستان کی بقا و سلامتی کے لیے اختیارات اور وسائل کو نچلی سطح پر منتقل کرنا ہوگا تاکہ مظلوم اکائیوں اور محرومیوں کے شکار عوام با اختیار ہو سکیں، صرف صوبہ سندھ کو 1 ہزار ارب ملتے ہیں اور 300 ارب خود کماتے ہیں لیکن آج بھی 70 لاکھ بچے اسکولوں سے باہر ہیں، جبکہ 2.5 کروڑ بچے پورے مل میں اسکول نہیں جاتے جو 70 ممالک کی آبادی سے زیادہ ہے لیکن جب اختیارات نچلی سطح پر منتقل ہونگے تو عوام اپنے گلی، محلے کے منتخب نمائندوں کا احتساب بھی کریں گے جس سے احساس شراکت داری پیدا ہوگا، جس کے نہ ہونے سے ملک کمزور ہو رہا ہے اور عوام احساس محرومی کا شکار ہو رہے ہیں۔
