لیاقت آباد ٹاؤن جنرل ورکرز اجلاس


29 اکتوبر کو اسٹوڈنٹس گراونڈ لیاقت آباد میں ہونے والا جلسہ لیاقت آباد کے شعور اور جذبے کی تاریخ رقم کرے گا، خالد مقبول صدیقی

کراچی ہماری آخری پناہ گاہ ہے اسکے علاوہ ہمارے پاس دوسرا آپشن نہیں، لیاقت آباد کا اختیار یہاں کے لوگوں کے پاس ہونا چاہئے، خالد مقبول صدیقی

ایم کیو ایم کی سب سے بڑی حالیہ کامیابی یہ یہ ہے کہ ملک کے تمام سرکاری اداروں کو بروقت کراچی کی گنتی پر پڑنے والے ڈاکے سے آگاہ کر کے شہر کے 73 لاکھ لوگوں کو بازیاب کروایا، مصطفی کمال

ایم کیو ایم نے دنیا کو اپنی عوامی طاقت دکھانے کے لئے اپنے مضبوط قلعے لیاقت آباد کا انتخاب کیا ہے، مصطفی کمال

لیاقت آباد ٹاؤن کے جنرل ورکرز اجلاس سے کنوینر ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی، سینئر ڈپٹی کنوینر مصطفٰی کمال کا خطاب

کراچی، 25 اکتوبر 2023ء 
متحدہ قومی موومنٹ پاکستان لیاقت آباد کے تحت جنرل ورکرز اجلاس بی ون ایریا لیاقت آباد کے اسٹوڈنٹس گراونڈ میں منعقد ہوا، اجلاس میں ایم کیو ایم کے مرکزی کمیٹی کے انچارجز و ذمہ داران سمیت لیاقت آباد ٹاؤن کے کارکنان و ذمہ داران نے بھی شرکت کی،
کنوینر ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی نے اجلاس سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ہم جن لوگوں کو اتوار کو یہاں جمع کر رہے ہیں یہ تحریک ان کے حقوق کے لئے چلائی جا رہی ہے، ہم سے پہلا حق اس عوام کا ہے جنہیں اس جلسے میں شرکت کرنی ہے، ہر وقت کے اپنے تقاضے اور اپنے طریقے ہیں اسی کے مطابق کامیابی ایم کیو ایم کا مقدر ہوگی، ہمیں اپنی براڈکاست لسٹ سے انفرادی طور پر 265 لوگوں کو تحریک کے نظریاتی اساس سے آگاہی فراہم کرنی ہے، کراچی ہماری آخری پناہ گاہ ہے اسکے علاوہ ہمارے پاس کوئی جگہ موجود نہیں۔ لیاقت آباد کا اختیار یہاں کے لوگوں کے پاس ہونا چاہئے، جلسے امید کو ہمیں اپنے حوصلے سے حقیقت میں بدلنا ہے، ایم کیو ایم نے ماضی میں ہفتہ صفائی منا کر بتایا کہ خدمت کے لئے اختیار یا حکومت کی ضرورت نہیں، ایم کیو ایم آج بھی اسی ہمت اور جذبہ سے کام کر رہی ہے، کراچی اگر چل نہیں سکتا تو پاکستان پل نہیں سکتا، لیاقت آباد کی گلی گلی کی دی گئی قربانیوں کے صلے میں لیاقت آباد نا ہار سکتا ہے نا ہی اسکی ہمت ٹوٹ سکتی ہے، یہ جلسہ لیاقت آباد کے شعور اور جذبے کی تاریخ رقم کرے گا اور مخالفین کو بدترین اخلاقی و سیاسی شکست ہوگی۔ سینئر ڈپٹی کنوینر سید مصطفی کمال نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ لیاقت آباد کا ہونے والا یہ جلسہ صرف اور صرف لیاقت آباد کی عوام پر مشتمل ہوگا، پاکستان میں اس وقت طاقت کس کے پاس ہوگی اسکا فیصلہ ہونا باقی ہے، جو کچھ 2018 میں ہوا اسکی وجہ سے بہت سے جماعتیں ایم کیو ایم کی اس شہر پر اکثریت قبول نہیں کرتیں، پیپلز پارٹی نے سرکاری مشینری کے استعمال سے اس بار یہ سازش کی کہ ہم شہر سے بڑی اکثریت لیں گے یہی کچھ جماعت اسلامی کے بھی خمار میں تھا، اسلئے ہمیں بھرپور عوامی قوت کا مظاہرہ کرنا ضروری ہے۔ مصطفی کمال کا کہنا تھا کہ ملک کے مقتدرہ لوگوں اور تمام سرکاری اداروں کو بروقت کراچی کی گنتی پر پڑنے والے ڈاکے سے آگاہ کر کے شہر کے 73 لاکھ لوگوں کو بازیاب کروایا، اس وجہ سے تین صوبائی اسمبلی کی نشستیں اندرون سندھ سے کراچی منتقل ہوئیں، یہ آج کی ایم کیو ایم کا کارنامہ ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ یہ دنیا آئیڈیل دنیا نہیں ہے، جس کو اپنے حقوق کا تحفظ کرنا ہے اسے عوامی طاقت دکھانا ہوگی، اگر ہم خاموش رہے تو پاکستان میں سب کچھ ممکن ہے، کل کوئی ہمارے مینڈیٹ کو چھیننے کی کوشش کرے تو دنیا اس پروپیگنڈہ کو قبول کرے گی اسلئے ایم کیو ایم کو ضرورت ہے کہ عوامی طاقت کا مظاہرہ کرے۔ ایم کیو ایم نے دنیا کو اپنی عوامی طاقت دکھانے کے لئے اپنے مضبوط قلعے لیاقت آباد کا انتخاب کیا ہے، 29 اکتوبر کو صرف لیاقت آباد نہیں پوری کراچی کے حقوق کا مقدمہ پیش کیا جائے گا۔ اجلاس سے انچارج سی او سی فرقان اطیب نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ 29 اکتوبر کو اسی گراونڈ میں ہونے والا اجلاس ذمہ داران کی تنظیمی کارکردگی کا امتحان ہے اور انشاءاللہ ایم کیو ایم اپنے مضبوط تنظیمی ڈھانچے کی بنا پر اس میں سرفراز ہوگی، اجلاس سے ٹاؤن انچارج لیاقت آباد نے بھی گفتگو کی۔
***