غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ نے زندگیاں مفلوج کر دیں


کے الیکٹرک نے کراچی کو حبس اور اندھیروں کے جہنم میں دھکیل دیا، حکومتی بے حسی شرمناک ہے، ایم کیو ایم پاکستان

موذی لوڈشیڈنگ نے نہ صرف شہریوں کی گھریلو اور تدریسی زندگی کو شل کر کے رکھ دیا ہے بلکہ کاروباری پہیے کو بھی مکمل طور پر فالج زدہ کر دیا ہے،اراکینِ سندھ اسمبلی ایم کیو ایم پاکستان

18 گھنٹے کی طویل لوڈشیڈنگ کنڈا مافیا کی سرپرستی اور عوام کی معاشی نسل کشی پر حق پرست اراکینِ سندھ اسمبلی مرکزِ بہادر آباد سے جاری کردہ بیان میں سخت برہم

کراچی۔۔۔25اکتوبر2026ء

متحدہ قومی موومنٹ پاکستان کے اراکینِ سندھ اسمبلی نے ملک کی معاشی شہ رگ کراچی میں کے الیکٹرک کی جانب سے جاری اعلانیہ اور غیر اعلانیہ طویل ترین لوڈشیڈنگ پر اپنے شدید ترین غم و غصے اور تشویش کا اظہار کرتے ہوئے مرکزِ بہادر آباد سے جاری کردہ بیان میں واضح کیا کہ کروڑوں عوام کے اس شہر کو کے الیکٹرک کے ہوس پرست اور جابرانہ رویے کے رحم و کرم پر چھوڑ دیا گیا ہے، جبکہ حکمرانوں نے دانستہ مجرمانہ خاموشی اختیار کر رکھی ہے، بیان میں اس تلخ حقیقت کو اجاگر کیا گیا کہ جو شہر روزانہ کی بنیاد پر ملکی معیشت اور قومی خزانے کو اربوں روپے کا ریونیو فراہم کرتا ہے آج وہی کراچی بنیادی انسانی ضرورت یعنی بجلی سے محروم کر کے سسکنے پر مجبور کر دیا گیا ہے، اراکینِ اسمبلی نے کہا کہ کے الیکٹرک اپنے تمام تر طے شدہ معاہدوں لائسنس کی شرائط اور سماجی و قانونی اخلاقیات کی دھجیاں اڑا چکی ہے اور اس کی کارکردگی کے نام پر صرف اور صرف نااہلی اور لوٹ مار باقی رہ گئی ہے، کراچی کا شریف قانون پسند اور محنت کش طبقہ ماہانہ کی بنیاد پر کمر توڑ اور بھاری بھرکم بلوں کی ادائیگی بروقت کرتا ہے مگر اس وفاداری کا صلہ انہیں 18 18 گھنٹے کے طویل جابرانہ اور ہولناک اندھیروں کی صورت میں دیا جا رہا ہے، اس موذی لوڈشیڈنگ نے نہ صرف شہریوں کی گھریلو اور تدریسی زندگی کو شل کر کے رکھ دیا ہے بلکہ کاروباری پہیے کو بھی مکمل طور پر فالج زدہ کر دیا ہے، ایم کیو ایم پاکستان کے اراکین نے کے الیکٹرک کی اندرونی کالی بھیڑوں کو بے نقاب کرتے ہوئے انکشاف کیا کہ شہر میں بجلی چوری میں ملوث منظم مافیا کی براہِ راست سرپرستی خود کے الیکٹرک کے اہلکار اور افسران کر رہے ہیں، غیر قانونی گوٹھوں تجاوزات اور کچی آبادیوں کو سرِعام کنڈے لگا کر بجلی کی فراہمی کا غیر قانونی دھندہ دھڑلے سے جاری ہے اور اس چوری کا پورا تاوان اور خسارہ باقاعدگی سے بل ادا کرنے والے معصوم شہریوں پر اوور بلنگ اور فیول ایڈجسٹمنٹ کے نام پر تھوپا جا رہا ہے، اراکینِ سندھ اسمبلی نے متنبہ کرتے ہوئے کہا کراچی کو لاوارث بے یار و مددگار اور لوٹ کا مال سمجھنے والے اقتدار کے ایوانوں میں براجمان حکمران آخر کب ہوش کے ناخن لیں گے؟ حکمرانوں کی اس مسلسل بے حسی اور ظالمانہ تغافل نے کراچی کے پرامن باسیوں سے بہتری اور انصاف کی آخری امید بھی چھین لی ہے، حق پرست اراکینِ اسمبلی نے واضح کیا کہ کراچی کے عوام پر جاری اس معاشی نفسیاتی اور جسمانی تشدد کو اب مزید برداشت نہیں کیا جائے گا، ایم کیو ایم پاکستان اس ناانصافی کنڈا کلچر اور کے الیکٹرک کی اجارہ داری کے خلاف ایوانوں سے لے کر سڑکوں تک ہر سطح پر سخت ترین لائحہ عمل اختیار کرے گی۔