فلسطین یکجہتی ریلی کی کامیابی پر دلی تشکر کا اظہار


ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی کا پاکستان کی مختلف سیاسی و مذہبی جماعتوں،مختلف مکاتب فکر سے تعلق رکھنے والے افراد اور دیگر مذاہب کے لوگ باالخصوص کراچی کے عوام و کارکنان سے فلسطین یکجہتی ریلی کی کامیابی پر دلی تشکر کا اظہار

کراچی۔۔۔21 اکتوبر 2023ء 
متحدہ قومی موومنٹ پاکستان کے کنوینر ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی نے جمعہ کو شاہراہ فیصل پر ایم کیو ایم کی جانب سے نکلنے والی فلسطینی عوام سے اظہار یکجہتی ریلی کی کامیابی پر ریلی میں شرکت کرنے والے پاکستان کی مختلف سیاسی و مذہبی جماعتوں کے رہنماؤں و کارکنان،مختلف مکاتب فکر سے تعلق رکھنے والے افراد اور دیگر مذاہب کے لوگ باالخصوص کراچی کے عوام و کارکنان سے دلی تشکر کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ فلسطین یکجہتی ریلی میں پاکستانیوں نے شرکت کر کے یہ ثابت کردیا کہ ہمارے سیاسی و مذہبی نظریات الگ ہو سکتے ہیں لیکن اسرائیلی جارحیت کیخلاف ہم سب یک زبان ہو کر فلسطین کے عوام کے ساتھ کھڑے ہیں۔ ایک تہینتی پٖیغام میں ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی نے کہا کہ ایم کیوایم ایک سیکیولر اور لبرل جماعت ہے جو تمام مذاہب کا احترام کرتی ہے اور ہم یہ سمجھتے ہیں کہ ظلم ظلم ہے چاہے وہ فلسطین میں ہو یا پاکستان میں اور ہم اسرائیلی جارحیت کی بھرپور مذمت کرتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ پاکستان کی سیاسی و مذہبی جماعتوں اور دیگر مکاتب فکر کے لوگوں نے ایم کیو ایم کی ریلی میں شرکت کر کے ساری دنیا کو پاکستان کی جانب سے فلسطین سے یکجہتی کا پیغام کراچی سے بھیج دیا ہے جس پر ہم تمام جماعتوں اور مکاتب فکر سے تعلق رکھنے والے افراد کے شکر گزار ہیں کہ انہوں نے ہماری ریلی کو ایم کیو ایم کی ریلی نہیں بلکہ فلسطینی عوام سے یکجہتی کی ریلی سمجھا اور شرکت کر کے کامیابی سے پاکستان کا پیغام دنیا کو پہنچایا۔ڈاکٹر خالد مقبول نے ایم کیو ایم کے کارکنان ،ذمہ داران اور بالخصوص عوام کو دلی مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا کہ یہ کامیابی آپ لوگوں کی محنت کا ثمر ہے۔
***