بلدیہ ٹاؤن میں اجلاس سے سید مصطفیٰ کمال کا خطاب


بلدیہ ٹاؤن پورا پاکستان ہے جہاں تمام زبانیں بولنے والے افراد رہتے ہیں یہ ایم کیو ایم کے نظریہ کی عکاسی ہے، سید مصطفیٰ کمال

اس شہر کراچی کے عوام میں اتنی طاقت ہے کہ یہاں سے بیٹھ کر اسلام آباد کے فیصلے کرینگے، سید مصطفیٰ کمال

پیپلز پارٹی کی 15 سالہ بدترین کارکردگی اور متعصب حکومت کے بعد  بلدیہ ٹاؤن کا نقشہ ہی تبدیل ہوگیا ہے،سید مصطفیٰ کمال

ایم کیو ایم بلدیہ ٹاؤن کو دوبارہ ایسا ماڈل ٹاؤن بنائیگی جس کو پوری دنیا دیکھے گی،سید مصطفیٰ کمال

کراچی کے عوام کے پاس ایم کیو ایم کے علاوہ کوئی دوسرا آپشن نہیں ہے،سید مصطفیٰ کمال

عوام کے دکھ درد اور پریشانیوں میں ہمارے علاوہ کوئی اور سیاسی جماعت کھڑی نہیں ہوتی،سید مصطفیٰ کمال

ہم اپنی چھینی ہوئی نشستوں کو بھاری اکثریت سے جیت کر واپس لیں گے،سید مصطفیٰ کمال 

 2018 میں پیراشوٹ سے لائے گئے لوگ بھاگ کر اپنی عزتیں بچاتے پھرینگے،سید مصطفیٰ کمال

بلدیہ ٹاؤن میں کارکنان کے جنرل ورکرز اجلاس سے سینئر ڈپٹی کنوینر سید مصطفیٰ کمال کا خطاب

کراچی۔۔۔20ستمبر2023ء
متحدہ قومی موومنٹ پاکستان بلدیہ ٹاؤن کے زیرِ اہتمام کارکنان کے جنرل ورکرز اجلاس سے نامزد امیدوار برائے حلقہ این اے 249 و سینئر ڈپٹی کنوینر سید مصطفیٰ کمال نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ بلدیہ ٹاؤن اپنے آپ میں پورا پاکستان ہے جہاں تمام زبانیں بولنے والے افراد رہتے ہیں یہ عام ٹاؤن نہیں ایم کیو ایم کے نظریہ کا عکاس ہے اور نظریہ بکنے والی چیز نہیں بلکہ آپ سب مل کر نظریہ کی جدو جہد کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہم پورے پاکستان کے مظلوموں کے ساتھ ہیں اور 98 فیصد غریب و متوسط طبقے کی واحد نمائندہ جماعت ہیں، ہم کراچی سے نکل کر دوسرے صوبوں میں ایم کیو ایم پاکستان کے امیدوار کھڑے کرینگے تو شکل پر نہیں نظریہ پر ووٹ ملیں گے لیکن ہم آپس میں متحد نہیں ہوئے تو ہمارے درمیان ظالم قوتیں گھس کر پھوٹ ڈال دیں گی ہم نے حق و سچ کا ساتھ دینا ہے اور ظالم کو ظلم سے روکنا ہے۔ انکا کہنا تھا کہ پاکستان کو 70 فیصد ریونیو کما کر دینے والے شہر کے ساتھ سوتیلی ماں جیسا سلوک کیا جارہا ہے،اس شہر کراچی کے عوام میں اتنی طاقت ہے کہ ایم کیو ایم کے پرچم تلے آگیا تو ہم یہاں سے بیٹھ کر پنجاب ، بلوچستان، خیبرپختونخواہ اور اسلام آباد کے فیصلے کرینگے۔ سید مصطفیٰ کمال نے کہا کہ بلدیہ ٹاؤن چاروں صوبوں کا مجموعہ ہے جو تمام لسانی اکائیوں کو یکجا کرتا ہے، آنے والا وقت انشاء اللہ کراچی کا ہے اور پورے پاکستان کے عوام اس تحریک میں شامل ہورہے ہیں آج کا اجلاس ہماری کامیابی کی پہلی سیڑھی ہے، پاکستان کی تاریخ میں بلدیہ ٹاؤن میں ہم نے 60لاکھ گیلن پانی کی لائن ڈال کر عوام کو پریشانی سے نجات دلائی گئی اسپورٹس کمپلیکس، سڑکوں کا جال اور جو بھی ممکن ہو سکا ایم کیو ایم نے عوام کے مسائل کو حل کرنے کی کوشش کی۔ پیپلز پارٹی کی 15 سالہ بدترین کارکردگی اور متعصب حکومت کے بعد  بلدیہ ٹاؤن کا نقشہ ہی تبدیل ہوگیا ہے لیکن ایم کیو ایم اس بلدیہ ٹاؤن کو دوبارہ ایسا ماڈل ٹاؤن بنائے گی جس کو پوری دنیا دیکھے گی ہم زبانی جمع خرچ اور جھوٹے وعدے یا سہانے خواب نہیں دکھاتے بلکہ عملی کام کر کے دکھاتے ہیں، اس بات کے گواہ خود بلدیہ ٹاؤن کے عوام ہیں کہ سابق دور حکومت میں ایم کیو ایم کے حق پرست نمائندوں نے شب و روز انتھک محنت نے بلدیہ ٹاؤن کا نفراسٹرکچر بدل کر رکھ دیا تھا۔ انہوں نے کہا کہ کراچی کے عوام کے پاس ایم کیو ایم کے علاوہ کوئی دوسرا آپشن نہیں ہے عوام کے دکھ درد اور پریشانیوں میں ہمارے علاوہ کوئی اور سیاسی جماعت کھڑی نہیں ہوتی یہاں سے جو لوگ جیت کر جائینگے اسلام آباد جا کر کراچی کے عوام کی ترجمانی اور حق کیلئے آواز بلند کریں گے۔انہوں نے مزید کہا کہ ایم کیو ایم نے ابھی تک کراچی سے 5 حق پرست نمائندوں کے ناموں کا اعلان کردیا ہے جن میں بلدیہ ٹاؤن کے موجودہ حلقہ این اے 249 سے مجھے نامزد کیا گیا ہے۔ہم انشاء اللہ ایک جان ہوکر دشمنوں کے مذموم عزائم کو خاک میں ملا دینگے، اپنی چھینی ہوئی نشستوں کو بھاری اکثریت سے جیت کر واپس لیں گے اور پیراشوٹ سے آئے ہوئے لوگ بھاگ کر اپنی عزتیں بچاتے پھرینگے۔ اس موقع پر ایم کیو ایم پاکستان کے ڈپٹی کنوینر انیس احمد قائم خانی، اراکین رابطہ کمیٹی، اراکین سی او سی، ایم کیو ایم میں شمولیت اختیار کرنے والے ن لیگ کے سینئر مقامی رہنما ملک نثار کے علاوہ ٹاؤن، یوسیز کے ذمہ داران اور کارکنان کی بڑی تعداد موجود تھی۔