بہادرآباد یوسی-7 میں انتخابی دفتر کا افتتاح


2018ء کے بعد اصل گٹھ جوڑ پی ٹی آئی اور پیپلز پارٹی کا تھا کہ تم سندھ کو لوٹو ہم وفاق کو لوٹتے ہیں، ڈاکٹر فاروق ستار

اسلام آباد دنیا کو کیا بیچے گا اگر کراچی اُس کے ساتھ نا کھڑا ہو؟ ڈاکٹر فاروق ستار

تمام جماعتوں کو آزما لیا گیا اب ایم کیو ایم پاکستان کو بھی موقع ملنا چاہئیے، ڈاکٹر فاروق ستار

حالات چاہے جیسے بھی ہوں شہری سندھ بلخصوص کراچی کی عوام نے ہر طرح ایم کیو ایم پاکستان کا ساتھ دیا ہے، کشور زہرا

ایم کیو ایم پاکستان کی جانب سے عام انتخابات2024ء کی تیاریاں زور و شور سے جاری اس سلسے میں سوسائٹی ٹاؤن بہادرآباد یوسی-7 میں انتخابی دفتر کا افتتاح 

کراچی۔۔۔14نومبر2023ء

متحدہ قومی موومنٹ پاکستان کی جانب سے عام انتخابات2024ء کی تیاریاں زور و شور سے جاری اس سلسے میں سوسائٹی ٹاؤن بہادرآباد یوسی-7 میں انتخابی دفتر کا افتتاح کر دیا گیا۔ افتتاحی تقریب کا آغاز حسبِ روایت باقاعدہ تلاوتِ قرآن کریم اور نعت رسول مقبول صلی اللہ علیہ وآلہ وسلّم سے کیا گیا۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے سینئر ڈپٹی کنوینر ڈاکٹر فاروق ستار نے اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کی تاریخ کے سب فیصلہ کن انتخابات ہونے جارہے ہیں، مُلک اِس وقت سنگین بحران سے دوچار ہے پاکستان کے کرتا دھرتا لوگ اب بھی ہوش کے ناخن لیں نہیں تو سب ٹھاٹ پڑا رہ جائے گا، 1970ء کے انتخابات کے نتائج کو تسلیم نہیں کیا گیا تھا اب اس طرح کی کسی بھی پالیسی پر کام نہیں ہونا چاہیئے، کراچی پاکستان کی سیاست و معیشت کی ریڑھ کی ہڈی ہے فرسودہ جاگیر دارانہ نظام کو ختم کرنا ہوگا، ایم کیو ایم نے ہی کراچی کو دنیا میں تیزی سے ترقی یافتہ شہروں کی فہرست میں شامل کروایا، 2018ء کے بعد اصل گٹھ جوڑ پی ٹی آئی اور پیپلز پارٹی کا تھا کہ تم سندھ کو لوٹو ہم وفاق کو لوٹتے ہیں، پیپلز پارٹی کی متعصب سندھ حکومت نے گزشتہ پندرہ سالوں میں پانی کے ایک قطرے کا اظافہ نہیں کیا اور سندھ کا بیڑا غرق کر دیا گیا، کے4 منصوبہ سرکلر ٹرین آج تک کھٹائی میں پڑے ہوئے ہیں، انہوں نے مزید کہا کہ اسلام آباد دنیا کو کیا بیچے گا اگر کراچی اُس کے ساتھ نا کھڑا ہو؟ پاکستان کو انٹرنیشنل مانیٹری فنڈ کی نہیں کراچی مانیٹرنگ فنڈ کی ضرورت ہے، ساس اور بہو کے رویّے میں اب تبدیلی آنی چاہئے ہمیں تیسرے درجے کا شہری بننا کسی صورت قبول نہیں کراچی کے ساتھ ہونے والی تمام ناانصافیوں کو اب ختم ہونا چاہئے، کراچی کو پڑھے لکھے نوجوانوں کے سپرد کرنا ہوگا یہ اس صورت میں ممکن ہوگا جب آپ لوگ ایم کیو ایم کا ساتھ دیں گے، تمام جماعتوں کو آزما لیا گیا اب ایم کیو ایم پاکستان کو بھی موقع ملنا چاہئے۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے رکنِ رابطہ کمیٹی و سابق رکنِ قومی اسمبلی کشور زہرا نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ وقت نے ثابت کر دیا کہ تمام ہتھکنڈوں اور سازشوں کے باوجود یہ شہر صرف ایم کیو ایم پاکستان کا ہے ہم کنکر نہیں بلکہ ایک سنگلاخ چٹان ہیں، ہم کسی سے لڑائی نہیں چاہتے حالات چاہے جیسے بھی ہوں شہری سندھ بلخصوص کراچی کی عوام نے ہر طرح ایم کیو ایم پاکستان کا ساتھ دیا ہے کیونکہ ایم کیو ایم ہی متوسط طبقے کی واحد نمائندہ جماعت ہے۔ اِس موقع پر اراکینِ رابطہ کمیٹی اِرشاد ظفیر، انچارج سی او سی فرقان اطیب اور اراکین، اور عوام کی بڑی تعداد موجود تھی۔