ایم کیو ایم جمعہ کو احتجاجی ریلی نکالے گی
ایم کیو ایم آئندہ جمعہ کو غزہ میں جاری اسرائیلی بربریت اور نہتے فلسطینیوں کی نسل کشی کے خلاف شاہراہ فیصل پر احتجاجی ریلی نکالے گی،ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی
ہم تمام پاکستانیوں کو احتجاجی ریلی میں شرکت کی دعوت دیتے ہیں ، خالد مقبول صدیقی
غزہ، فلسطین میں اس وقت سنگین انسانی المیہ جنم لے چکا ہے اور یہ عالمی امن کے لئے خطرہ ہے،ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی
ایم کیو ایم اقوام متحدہ، سلامتی کونسل اور او آئی سی سے مطالبہ کرتی ہے کہ اسرائیلی جارحیت کو روکنے کے لیے موثر کردار ادا کریں،ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی
ان خیالات کا اظہار ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی نے مرکزی الیکشن آفس میں سینئر ڈپٹی کنوینر و اراکین رابطہ کمیٹی کے ہمراہ پریس کانفرنس سے خطاب میں کیا
کراچی 14 اکتوبر 2023ء
متحدہ قومی موومنٹ پاکستان کے کنوینر ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی نے کہا ہے کہ فلسطین میں اس وقت سنگین انسانی المیہ جنم لے چکا ہے فلسطین کو صرف خطے کا معاملہ سمجھنا غلطی ہوگی، یہ مذہبی معاملے سے بڑھ کر انسانی حقوق کی سنگین پامالی ہے، صرف یہ خطہ آگ کی لپیٹ میں نہیں بلکہ یہ عالمی امن کے لئے خطرہ ہے۔ ان خیالات کا اظہار ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی نے ایم کیو ایم کے مرکزی الیکشن آفس پاکستان ہاؤس میں پر ہجوم پریس کانفرنس سے خطاب میں کیا۔اس موقع پر ان کے ہمراہ سینئیر ڈپٹی کنوینرز سید مصطفی کمال، نسرین جلیل،ڈپٹی کنوینر انیس احمد قائمخانی و اراکین رابطہ کمیٹی موجود تھے۔پریس کانفرنس سے خطاب میں ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی کا کہنا تھا کہ ایم کیو ایم پاکستان اقوام متحدہ، سیکیورٹی کونسل اور او آئی سی سے مطالبہ کرتی ہے وہ اسرائیلی جارحیت کو روکنے میں اپنا موثر کردار ادا کریں، یہ صرف مسلمانوں کا نہیں بلکہ اقوام عالم کا مسئلہ ہے اگر توجہ نا دی گئی تو عالمی امن متاثر ہوگا, یہ آگ بہت جلد دیگر ممالک کو اپنی لپیٹ میں لے گی اور ہم سب خطرے میں ہوں گے.انہوں نے کہا کہ مسلم دنیا اپنی ذاتی چپقلش کے باعث اس قابل نہیں کہ دیرپا امن میں اپنا کردار ادا کرے، اس وقت غزہ کی صورتحال اقوام عالم کے ضمیر کا امتحان ہے اگر مسلم حکمران خطرے کو محسوس نہیں کر رہے تو یہی وقت ہے ہم خود باہر نکل کر دنیا کو اس جانب کو مبذول کریں۔ ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی کا مزید کہنا تھا کہ ایم کیو ایم نے کل ہنگامی رابطہ کمیٹی کا اجلاس بلایا تھا جس میں فیصلہ کیا گیا کہ ایم کیو ایم اور سندھ کے شہری علاقے اس میں اپنا کردار ادا کریں گے، انکا کہنا تھا کہ کراچی خغرافیائی لحاظ سے اہمیت کا حامل ہے،مغرب میں عربی اور مشرق میں عجمی اسلامی دنیا موجود ہے کراچی ان سب کے وسط میں موجود ہے، ایم کیو ایم کراچی میں بسنے والے تمام پاکستانیوں کو کہتی ہے خواہ وہ کسی بھی فقہ اور مسلک سے تعلق رکھتے ہوں انہیں باہر نکل کر اسرائیلی جارحیت کے خلاف اور غزہ کے مسلمانوں سے اظہار یکجہتی کرنی ہے، خالد مقبول نے کہا کہ ایم کیو ایم آئندہ جمعہ کو غزہ میں جاری اسرائیلی بربریت اور نہتے فلسطینیوں کی نسل کشی کے خلاف احتجاجی ریلی کا انعقاد کرئے گی، ہم تمام پاکستانیوں کو احتجاجی ریلی میں شرکت کی دعوت دیتے ہیں، یہ مظاہرہ اتنا جاندار ہونا چاہئے کہ کوئی نظر انداز نا کر سکے، تمام شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد سے اس مظاہرے میں شرکت کی درخواست کرتے ہیں، ہماری یہ اظہار یکجہتی کی ریلی فلسطین کے بچوں، ماؤں بہنوں اور جوانوں کی استقامت اور حوصلے کو خراج تحسین پیش کرنے کے لئے ہے، ہمارا مظاہرہ اسرائیلی جارحیت اور بربریت کے خلاف یک آواز ہو کر نئی جدوجہد کی نوید ہوگا،یہ ایم کیو ایم کا مظاہرہ نہیں بلکہ تمام مسلمانوں اور تمام پاکستانیوں کا مظاہرہ ہوگا۔ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی نے پریس کانفرنس میں صحافیوں کے پوچھے گئے سوالات کے جواب میں کہا کہ موجودہ نگراں حکومت مکمل طور پیپلز پارٹی کی نگرانی میں کام کر رہی ہے،اس وقت کراچی کے امن کو برباد کرنے کی کوششیں کی جارہی ہے، سہراب گوٹھ کا واقعہ قابل مذمت ہے، پولیس کے ڈی ایس پیز اور افسران پیپلز پارٹی کی تنخواہ دار ملازم کے طور پر کام کر رہے ہیں، نگران وزیر اعلی سہراب گوٹھ پر ایم کیو ایم دفتر پر شرپسندوں کے حملے کا نوٹس لیں
***
