اسٹریٹ کرائم کی بڑھتی وارداتوں پر اظہار تشویش
ایم کیو ایم رابطہ کمیٹی کا کراچی میں اسٹریٹ کرائم اور رہزنی کی بڑھتی وارداتوں پر اظہار تشویش، شہریوں کی جان و مال کے تحفظ کا مطالبہ
کراچی، 25 ستمبر 2023
متحدہ قومی موومنٹ پاکستان کی رابطہ کمیٹی نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ کراچی کا شمار نہ صرف دنیا کے چند بڑے شہروں میں ہوتا ہے ، سوا تین کروڑ کی آبادی کا یہ شہر پاکستان کی معاشی شہ رگ ہے تاہم گزشتہ پندرہ سالوں کے دوران اس شہر کی روشنیاں ماند پڑچکی، پیپلز پارٹی کی کرپٹ حکومت کی ناکام پالیسیوں کا تسلسل آج بھی نگراں صوبائی حکومت میں نظر آرہا ہے، ٹریفک، گندگی اور بجلی و گیس کے مسائل کے علاوہ اسٹریٹ کرائمز خاص طور پر گاڑیوں، موٹر سائیکلوں اور موبائل فونز چھیننے اور چوری کی وارداتوں کے باعث شہر قائد میں معصوم لوگ آزادانہ نقل وحرکت سے خوفزدہ ہیں اور روزانہ کی بنیاد پر ہونے والے جرائم عوام کی زندگیاں بری طرح متاثر کررہے ہیں۔ جرائم پیشہ عناصر اب واردات کے دوران خواتین سے بدتمیزی بھی کرتے ہوئے دیکھے جاتے ہیں، سی پی ایل سی کی جاری کردہ اعداد و شمار کے مطابق گزشتہ ماہ ڈھائی ہزار سے ذائد کراچی کے شہری موبائل فونز سے محروم ہوئے جبکہ ان سے پانچ ہزار سے زائد موٹر سائکلیں چھینیں گئیں یا چوری کر لی گئیں تاہم پولیس اور قانون نافذ کرنے والے ادارے شہریوں کے جان و مال کے تحفظ میں ناکام نظر آتے ہیں، رابطہ کمیٹی نے نگراں حکومت، آئی جی سندھ اور قانون نافذ کرنے والے اداروں سے مطالبہ کیا کہ اسٹریٹ کرائم پر قابو پانے کے لئے کمیونٹی پولیسنگ، جرائم کے سد باب کے لئے جدید آلات کا استعمال اور سیف سٹی پروجیکٹ پر عملدرآمد کیا جائے تاکہ شہری امن و امان کی زندگی گزار سکیں۔
