ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی نے حیدرآباد میں


سرکار دوعالم ﷺ کی تعلیمات تمام انسانیت کیلئے مشعل راہ ہے آپ کی تعلیمات پرعمل پیرا ہو کر ہم سب اپنی زندگیوں کو سنوار سکتے ہیں،ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی

حلقہ بندیوں پر ہمارے تحفظات ہیں،ایم کیو ایم اس پر قانونی جنگ لڑ رہی ہے اور ہماری کوششوں کی بدولت ہی لاپتہ آبادی کافی حد تک بازیاب ہوچکی ہے،ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی

سال 2024 میں پاکستان میں ہونے والے عام انتخابات بڑے اہم ترین انتخابات ہیں،تمام سیاسی قوتوں کو بردباری کا مظاہرہ کرنا چاہئے،ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی

ان خیالات کا اظہار ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی نے حیدرآباد میں منعقد جشنِ عید میلاد النبیﷺ کی محفل میں میڈیا نمائندگان سے گفتگو میں کیا

کراچی۔۔۔13 اکتوبر 2023ء
متحدہ قومی موومنٹ پاکستان حیدرآباد ڈسٹرکٹ کی جانب سے ہر سال کی طرح امسال بھی جشنِ عید میلاد النبی ﷺ کے سلسلے میں حسرت موہانی لائبریری ہوم اسٹینڈ ہال میں محفل ذکر مصطفی ﷺ کا انعقاد کیا گیا۔محفلِ ذکر مصطفیٰ ﷺ میں ملک پاکستان کے مشہور و معروف ثناء خوانوں اور بین الاقوامی شہرت یافتہ قوال افضل صابری نے بارگاہ رسالتﷺ میں گلہائے عقیدت کے نذرانے پیش کیئے۔محفل ذکر مصطفیٰﷺ کی محفل میں کنوینر ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی،ڈپٹی کنوینر عبد الوسیم اراکین رابطہ کمیٹی،انچارج سندھ تنظیمی کمیٹی واراکین، سابق اراکین قومی و صوبائی اسمبلی،حیدرآباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے اراکین،حیدرآباد کی تمام تاجر انجمنوں،چھوٹی بڑی مارکیٹوں کے صدور،حیدرآباد انتظامیہ کے افسران،بلدیہ اعلیٰ حیدرآباد کے افسران،سماجی،سیاسی،مذہبی شخصیات،جرنلسٹ،وکلاء،این جی اوز، ودیگر شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والی شخصیات،شعبہ خواتین،ٹاؤن و یوسیز کے ذمہ داران و کارکنان سمیت اہلیان حیدرآباد نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔محفل زکر مصطفیٰﷺ میں حیدرآباد ڈسٹرکٹ کے آرگنائزر ظفر احمد صدیقی و اراکین ڈسٹرکٹ کمیٹی نے میزبانی کے فرائض انجام دیتے ہوئے مہمانانِ کا استقبال کیا۔اس موقع پر میڈیا نمائندگان سے گفتگو کرتے ہوئے ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی نے کہا کہ جشن عید میلاد النبی ایم کیو ایم کی ایک روایت ہے جس کو ایم کیو ایم ہر سال بڑے جوش و خروش سے مناتی ہے،سرکار دوعالم ﷺ کی تعلیمات تمام انسانیت کیلئے مشعل راہ ہے سرکار دوعالم کی تعلیمات پر عمل پیرا ہو کر ہم سب اپنی دنیا و آخرت سنوار سکتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ آئندہ ہونے والے جنرل الیکشن قریب آئینگے تو الائنس بنے گا فلحال ایم کیو ایم کسی الائنس کا حصہ نہیں ہے ہاں سیٹ ایڈجسمنٹ کے لیے مختلف جماعتوں سے بات کرسکتے ہیں۔ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی کا مزید کہنا تھا کہ حلقہ بندیوں پر ہمارے تحفظات ہیں عدالتوں اور الیکشن کمیشن میں گئے ہوئے ہیں، ایم کیو ایم اس پر مکمل قانونی جنگ لڑ رہی ہے اور ہماری کوششوں کی بدولت ہی لاپتہ آبادی کافی حد تک بازیاب ہوچکی ہے۔انکا کہنا تھا کہ نگراں وزیر اعلی سندھ کے عدالتی کیرئیر کی اہمیت ہے،ہم نے اس امید سے رضا مندی کی کہ وہ شفاف انتخابات کرائینگے جج کی طرح انصاف دینگے لیکن کچھ اقدامات کی وجہ سے پی پی حکومت کا تسلسل دکھائی دے رہا ہے،کسی بھی چیز یا شخص  سے جانبداری ظاہر ہورہی ہو تو شفاف انتخابات کرانا ممکن کیسے ہے۔ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی نے مزید کہا کہ متحدہ قومی موومنٹ پہلے سے زیادہ مضبوط اور مربوط ہے،سال 2024 میں پاکستان میں ہونے والے عام انتخابات بڑے اہم ترین انتخابات ہیں،تمام سیاسی قوتوں کو بردباری کا مظاہرہ کرنا چاہئے،شفاف انتخابات ہونا ضروری ہے اس کے لوازمات کو پورا کریں،بلکہ ایم کیو ایم کہتی ہے اگر نواز شریف  بے قصور ہیں تو ان کو انتخابات میں حصہ لینے کا پورا حق ہونا چاہئے ہے۔
***