خالد مقبول صدیقی جرمن سفیر الفریڈ گرناس ملاقات
ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی کی جرمن سفیر الفریڈ گرناس سے ایم کیو ایم مرکز بہادر آباد میں وفد کے ہمراہ ملاقات، دو طرفہ تعلقات، پاک جرمن دیرینہ دوستی اور باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا
کراچی، 31 اکتوبر 2023
متحدہ قومی موومنٹ پاکستان کے مرکز بہادر آباد میں پاکستان میں جرمنی کے سفیر الفریڈ گرناس نے کنوینر ایم کیو ایم ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی سے ملاقات کی۔ ایم کیو ایم کی جانب سے کنوینر کے ہمراہ سینئر ڈپٹی کنوینرز سید مصطفی کمال، فاروق ستار، نسرین جلیل، سابق وفاقی وزیر سید امین الحق اور رکن رابطہ کمیٹی طحہ احمد بھی موجود تھے، جرمن سفیر سے ملاقات میں ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی نے پاک جرمن تعلقات، دیرینہ دوستی اور دونوں ممالک کے مابین تاریخی سفارتی تعلقات پر اپنے خیالات کا اظہار کیا، ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی نے کہا کہ جرمنی کی پاکستان میں جمہوری اداروں کی مضبوط کرنے کی کاوشیں، پاکستانی ایکسپورٹرز کے لئے یورپی مارکیٹ تک منصفانہ رسائی اور ملک میں غربت کے خاتمے کے لئے جاری اقدامات پاکستان میں مثبت سماجی تبدیلیوں کا موجب ہیں، جرمنی کی حکومت سے منسلک ادارے پاکستان میں تعلیم کے پرچار اور صاف پانی کی فراہمی کے منصوبوں سمیت دیگر اہم مسائل کے حل کے لئے حکومت پاکستان کے ساتھ مل کر کام کر رہے ہیں، ایم کیو ایم پاکستان جرمن عوام اور سوشل ڈیموکریٹک پارٹی کی حکومت کے ان اقدامات کو قدر کی نگاہ سے دیکھتی ہے، اس ملاقات میں جرمن سفیر کے ہمراہ کراچی میں جرمن قونصل ڈاکٹر روڈیگر لاٹز، فرسٹ سیکریٹری جان برگسڈوف اور دیگر بھی شامل تھے۔
