اے پی ایم ایس او کی جامعہ کراچی میں پریس کانفرنس


 

چند قوم پرست جماعتیں جامعہ کراچی کو سیاست کا اکھاڑا بنا رہی ہیں، جامعہ میں داخلوں پر قبضوں کی سازش ہرگز کامیاب نہیں ہو گی۔ سینئر جوائنٹ انچارج اے پی ایم ایس او ریحان شاہ

​پیپلز پارٹی نے 18 سال سندھ برباد کیا، میٹرک و انٹر بورڈ کے 7 ہزار بچوں کو غیر حاضر کر کے تعلیمی استحصال کیا جا رہا ہے۔ سینئر جوائنٹ انچارج اے پی ایم ایس او ریحان شاہ

​اے پی ایم ایس او سندھی بولنے والے طلبہ کے خلاف نہیں، سندھ حکومت اندرونِ سندھ تعلیمی جامعات قائم کر کے وہاں کے طلبہ کو حق دے۔ جوائنٹ انچارج اے پی ایم ایس او شرجیل بیگ

​جامعہ کراچی میں اے پی ایم ایس او کے سینئر جوائنٹ انچارج ریحان شاہ اور جوائنٹ انچارجز شرجیل بیگ اور کاظم رضا کی ارکان مرکزی کمیٹی کے ہمراہ کراچی کے طلبہ کے تعلیمی استحصال اور جامعہ میں داخلوں کے تناظر میں اہم پریس کانفرنس

کراچی، 10 نومبر 2026ء
آل پاکستان متحدہ اسٹوڈنٹس آرگنائزیشن (اے پی ایم ایس او) کے زیرِ اہتمام جامعہ کراچی میں پریس کانفرنس کا انعقاد کیا گیا جس میں سینئر جوائنٹ انچارج ریحان شاہ اور جوائنٹ انچارجز شرجیل بیگ اور کاظم رضا نے کراچی کے طلبہ کے تعلیمی استحصال، جامعہ کراچی میں داخلوں پر قبضے کی سازشوں اور تعلیمی بورڈز کی زبوں حالی پر شدید تشویش کا اظہار کرتے ہوئے پریس کانفرنس سے خطاب کیا۔ اس موقع پر سینئر جوائنٹ انچارج ریحان شاہ نے کہا کہ چند قوم پرست جماعتوں کی جانب سے جامعہ کراچی کو نشانہ بنایا جا رہا ہے اور یہ شر پسند عناصر اس ممتاز تعلیمی ادارے کو اپنی سیاست کا اکھاڑا بنا رہے ہیں، کے ایس پی کیٹیگری کراچی کے بچوں کا جامعہ کراچی میں داخلوں کا پہلا حق تسلیم کرتی ہے، جبکہ سندھ کی دیگر جامعات میں کراچی کے بچوں کی نشستیں نہ ہونے کے برابر ہیں، اس طرح قوم پرست طلبہ تنظیموں کا احتجاج جامعہ کراچی میں داخلوں پر قبضوں کی منظم سازش کا حصہ ہے، انہوں نے پیپلز پارٹی پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ حکمران جماعت نے گزشتہ 18 سالوں میں کراچی کو برباد کر کے رکھ دیا ہے جہاں میٹرک اور انٹر بورڈ کے سات ہزار سوالوں اور بچوں کے نتائج میں بے ضابطگیاں کر کے انہیں غیر حاضر ظاہر کیا گیا جو کہ اس شہر کے بچوں کے تعلیمی مستقبل کا کھلا استحصال ہے، انہوں نے نشاندہی کی کہ حیدرآباد بورڈ کے چیئرمین کو کراچی انٹر بورڈ کا اضافی چارج دے دیا گیا ہے اور تعلیمی بدانتظامی کا یہ عالم ہے کہ سب سے پہلے لا ڈیپارٹمنٹ میں کے ایس پی کیٹیگری پر حملہ کیا گیا اور جو استاد ماسٹرز ڈگری کا بھی حامل نہیں اسے قانون کے کلیہ میں ڈین لگایا گیا ہے، اے پی ایم ایس او مطالبہ کرتی ہے کہ حکومت اندرونِ سندھ مزید جامعات قائم کرے تاکہ وہاں کے طلبہ کو ان کے اپنے علاقوں میں اعلیٰ تعلیم میسر آ سکے۔ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے جوائنٹ انچارج شرجیل بیگ نے واضح کیا کہ اے پی ایم ایس او سندھی بولنے والے طلبہ کے ہرگز خلاف نہیں ہے اور سندھی طلبہ کو چاہیے کہ وہ ہمارے ساتھ مل کر اندرونِ سندھ نئی جامعات کے قیام کی جدوجہد میں شامل ہوں، مگر یہ تلخ حقیقت ہے کہ سندھ کے حکمران اندرونِ سندھ کے طلبہ کے لیے جامعات قائم کرنے میں مکمل ناکام رہے ہیں، انہوں نے کہا کہ جن کا ڈومیسائل کراچی کا نہیں انہیں بھی یہاں کی جامعات میں ایڈمیشن مل جاتا ہے جبکہ لیاری یونیورسٹی میں ضلع وسطی کا کوئی بچہ نہیں پڑھ سکتا، تو پھر یہ لوگ جامعہ کراچی میں کیسے داخلوں کے دعویدار بنے بیٹھے ہیں؟ شرجیل بیگ نے سوال اٹھایا کہ باقی تعلیمی بورڈز کے اندر ریگولر کنٹرولر کیوں نہیں ہیں اور انٹر بورڈ کا چیئرمین طالبات کے استحصال کے باوجود اپنے کمرے سے باہر نہیں آتا، انہوں نے پوچھا کہ کیا ہم اپنا احتجاج کروانے کے لیے بھی سڑکوں پر نہیں آ سکتے؟ انہوں نے افسوس کا اظہار کیا کہ میڈیا جانتا ہے کس سیاسی رہنما نے کہا تھا کہ حیدرآباد یونیورسٹی ہماری لاش پر بنے گی، اس وقت شہر میں کراچی کے بچوں کا مسلسل تعلیمی استحصال ہو رہا ہے اور یہ بے ضابطگیاں شہر کے بچوں اور قوم کے مستقبل پر کاری ضرب ہیں، انہوں نے حکومت اور وفاق سے مطالبہ کیا کہ کراچی کے طلبہ کا استحصال فوری بند کیا جائے، کراچی کی جامعات میں فیسوں میں نمایاں کمی کی جائے اور وفاقی حکومت جامعہ کراچی سمیت شہر کی دیگر جامعات کے لیے خصوصی گرانٹ کا فی الفور اعلان کرے۔

***