لانڈھی چراغ ہوٹل پر بڑے عوامی اجتماع سے خطاب


پاکستان کا مسئلہ یہ ہے کہ تمام وسائل اور اختیارات 5 افراد کے پاس ہیں،سید مصطفیٰ کمال

جو جماعت ملک کے تمام وسائل اور اختیارات عام آدمی کی دہلیز تک پہنچائے گی ہم اسکی غیر مشروط حمایت کا اعلان کردیں گے،سید مصطفیٰ کمال

سندھ میں 5 لاکھ نوکریاں دی گئی اور تعلیم یافتہ نوجوان اعلیٰ ڈگریاں لئے بائیکیا اور فوڈپانڈا کی موٹر سائیکلیں چلا رہے ہیں،ڈاکٹر فاروق ستار

مقامی خودمختاری شہری سندھ کے مسائل کا واحد حل ہے اور ہم اُسے حاصل کرکے رہیں گے،ڈاکٹر فاروق ستار

کراچی۔۔۔۔۔12نومبر،2023ء
متحدہ قومی موومنٹ پاکستان کے سینئر ڈپٹی کنوینر سید مصطفی کمال نے لانڈھی چراغ ہوٹل پر بڑے عوامی اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کا مسئلہ یہ ہے کہ تمام وسائل اور اختیارات 5 افراد کے پاس ہیں جن میں ایک وزیراعظم اور چار وزیراعلیٰ شامل ہیں، یہ افراد عام شہری کی پہنچ سے دور ہیں اس لئے یہ پانچ افراد جب تک وسائل اور اختیارات گلی محلوں، قصبوں اور دیہاتوں تک نہیں پہنچائیں گے ہمارے مسائل حل نہیں ہونگے۔ انہوں نے کہا کہ ہماری پولیس، ہمارا پانی ہمارا سیوریج ہماری تعلیم کا نظام ہمارے کونسلر کے ہاتھ میں ہونا چاہئے۔ مصطفیٰ کمال نے کہا کہ وسائل و اختیارات کی نچلی سطح تک منتقلی آئین کی حقیقی روح ہے جو ہم کرواکر ہی دم لیں گے، اب جسے بھی ایم کیو ایم کے ووٹوں سے اپنی حکومت قائم کرنا ہے اُسے یہ قومی فریضہ انجام دینا ہوگا اور اسی شرط پر اسی مطالبے پر ہم اپنی حمایت کا فیصلہ کریں گے۔ اس موقع پر ڈپٹی کنوینر انیس قائمخانی سمیت رابطہ کمیٹی کے اراکین علاقائی ذمہ داران اور عوام کی بہت بڑی تعداد موجود تھی۔ سید مصطفیٰ کمال نے کہا کہ آج ن لیگ کا وفد ایم کیو ایم کے پاس آیا تھا مگر ہم نے اُن سے بند کمرے میں کوئی وزارتیں نہیں مانگی، ہم نے دوٹوک الفاظ میں اپنی بات کی کہ آپ ملک کے تمام وسائل اور اختیارات عام آدمی کی دہلیز تک پہنچا دیں ہم آپ کی غیر مشروط حمایت کا اعلان کردیں گے۔ انہوں نے عوامی اجتماع کے شرکاء کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ آج ایم کیو ایم کو آپ کے ووٹ کی طاقت کی ضرورت ہے تاکہ وفاق اور صوبے سے آپ کے اختیارات اور وسائل لیکر آپ تک پہنچا سکیں اسی میں ہمارے اور آپ کے تمام مسائل کا حل پنہا ہے۔ ایم کیو ایم پاکستان کے سینئر ڈپٹی کنوینر ڈاکٹر فاروق ستار نے لانڈھی میں عوامی اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ آنے والے عام انتخابات میں ہم نہ صرف اپنی چھینی گئی نشستیں واپس لیں گے بلکہ پورے کراچی کی نشستیں جیت کر دکھائیں گے انہوں نے کہا کہ گذشتہ 15 سالوں سے ہم پر پیپلز پارٹی کا ظلم و جبر مسلط ہے، سندھ میں 5 لاکھ نوکریاں دی گئی ہیں اور شہری سندھ کے نوجوانوں کو نظرانداز کیا گیا، لاکھوں تعلیم یافتہ نوجوان اعلیٰ ڈگریاں لئے بائیکیا اور فوڈپانڈا کی موٹر سائیکلیں چلا رہے ہیں۔ ڈاکٹر فاروق ستار نے مزید کہا کہ اب اسلام آباد کو شہری سندھ کے بارے میں سوچنا ہوگا،ہم سالانہ 40 ارب سے زیادہ وفاق کو دیتے ہیں اُس کے بدلے میں خیرات دی جاتی ہے جو اب ہم قبول نہیں کریں گے، اب ہم سر اُٹھا کر جینے کا فیصلہ کر چکے ہیں اور جس طرح ہم نے مردم شماری میں کراچی کی گمشدہ آبادی کو بازیاب کروایا ہے اسی طرح شہری سندھ کے سلب شدہ حقوق بھی دلوائیں گے۔ انکا کہنا تھا کہ مقامی خودمختاری شہری سندھ کے مسائل کا واحد حل ہے اور ہم اُسے حاصل کرکے رہیں گے۔
***